عوام بھرپور مدد کریں متاثرین شمالی وزیرستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: سردار یعقوب

Sardar Mohammad Yaqoob Khan

Sardar Mohammad Yaqoob Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے آزاد کشمیر کی پانچوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو دہشتگردی کے خلاف جنگ اور پاک آرمی کے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے شمالی وزیرستان سے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنے والے افراد کی مدد کے لیے فوری طور پرا مدادی کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔

سردار محمد یعقوب خان نے یونیورسٹیوں کے ملازمین اور طلبہ سے بھی کہا ہے کہ وہ ان کیمپوں میں دل کھول کر امداد جمع کرائیں تاکہ آزمائش کی اس گھڑی میں آئی ڈی پیز کی ہر ممکن مدد ہو سکے۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے آئی ڈی پیز کے لئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ اور تمام مراعات دینے کا بھی اعلان کیا۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے آزاد کشمیر کے مخیر حضرات، تاجر برادری اور سیاسی کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مشکل کام کو آسان بنانے کے لئے تعاون کریں۔

آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم ریلیف کیمپوں میں بڑھ چڑھ کر نقد عطیات، کمبل، خیمے اور اشیا ئے خورد ونوش جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اس طرح آپریشن ضرب عضب میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سردار یعقوب خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین شمالی وزیرستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، دہشتگردی کے خاتمہ سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔