اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑنے والے متاثرین پوری قوم کے محسن ہیں۔
متاثرین شمالی وزیرستان کے لیے تیار کردہ خصوصی موبائل میڈیکل یونٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قوم کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے اور امن کی رحمت لانے کے لیے متاثرین کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
پوری پاکستانی قوم اور حکومت اپنے ان مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی ہر طرح سے دیکھ بھال کی جائے گی، متاثرین کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے تیار کیا گیا موبائل میڈیکل یونٹ 2 بسوں پر مشتمل ہے، موبائل یونٹ میں ایکس رے اور چھوٹے آپریشن کی سہولت موجود ہیں۔
صدر نے اس موقع پر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ صدر نے کہا کہ شدید گرمی کی وجہ سے متاثرین کو طبی مسائل کا بھی سامنا ہے۔
حکومت اس کے لیے خصوصی اقدام کرے اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مالی وسائل کی کمی آڑے نہ آنے دی جائے۔ صدر نے متاثرہ علاقوں میں دوائوں کی فراہمی کے لیے ڈرگ بینک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مخیر حضرات اوردوائوں کے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ دل کھول کر ضروری دوائوں کے عطیات دیں۔