پشاور (جیوڈیسک) پشاور اور بنوں میں متاثرین شمالی وزیر ستان کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے ، متاثرین کو موبائل سمیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
پرامن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہجرت کا دکھ جھیلنے والوں کی بڑی تعداد پشاور اور بنوں پہنچی ہے ، پشاور کے حیات آباد گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز میں رجسٹریشن کا عمل تیسرے روز بھی جاری ہے جہاں آج تحصیل میر علی کے متاثرین کا اندراج کیا جا رہا ہے۔
پشاور میں اب تک دو ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ، امداد کی فراہمی کیلئے متاثرین کو موبائل سمیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں ادھر بنوں میں بھی متاثرین شمالی وزیرستان کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
مجموعی طور پر رجسٹرڈ متاثرین کی تعداد آٹھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے ، بنوں میں متاثرین کو نقد امداد کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہے جو ان کو فراہم کردہ سمز ایکٹو ہونے کے بعد بحال کر دی جائے گی ، شمالی وزیرستان سے بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کے باعث بنوں کے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بھی بڑھ گیا ہے۔