مظلوم فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی میں بچوں کی ریلی

Karachi,Rally

Karachi,Rally

کراچی (جیوڈیسک) غزہ پر اسرائیلی بمباری اور مظلوم فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی کے بھی ہزاروں بچوں نے نیو ایم اے جناح روڈ سے نمائش چورنگی تک ریلی نکالی اور اقوام متحدہ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔

جماعت اسلامی کے تحت لبیک یاغزہ ریلی میں شہر کے مختلف تعلیمی اداروں کے ہزاروں بچوں نے شرکت کی اور غزہ میں معصوم بچوں کے قتل اور جاری ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ریلی میں امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدی اور حافظ نعیم الرحمن بھی شریک تھے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معراج الہدی کا کہنا تھا کہ اسرائیل جارحیت سے باز نہ آیا تو امت کے بچے اسے خیبر کا سبق یاد کرادیں گے۔

امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدی کا کہنا ہے کہ سترہ اگست کو اسرائیل کے خلاف شارع فیصل پر غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں بچے بھی شرکت کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ریلی میں موجود اسکول کے بچوں نے اسرائیلی بربریت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ ریلی کے اختتام پر فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے اسرائیلی وزیر اعظم کے پتلے بھی نذر آتش کیے گئے۔