28 ہزار 800 سے زائد متاثرین میں 34 کروڑ روپے تقسیم کئے جا چکے، وزیر اعظم کو رپورٹ پیش

 North Waziristan Victims

North Waziristan Victims

اسلام آباد (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کی مدد کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک 28 ہزار 800 سے زائد خاندانوں میں 34 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے جبکہ امدادی رقوم موبائل سمز کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نوازشریف کو شمالی وزیرستان کے متاثرین کی مدد کے لئے بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج، این ڈی ایم اے، ایف ڈی ایم اے، وزارت سرحدی امور، نادرا اور واپڈا مسلسل رابطے میں ہیں اور یہ تمام ادارے مربوط انداز میں متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔

متاثرین کے لئے رجسٹریشن سینٹرز پر 20 رجسٹریشن ڈیسک کے علاوہ خواتین اور مردوں کے لئے الگ الگ 10 انتظار گاہیں بنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام متاثرین کی اینٹی پولیو ویکسی نیشن بھی کی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 28 ہزار 800 سے زائد خاندانوں میں 34 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔ اب تک متاثرین کو 27 ہزار 767 موبائل سمز فراہم کی جا چکی ہیں جن میں سے 15 ہزار سمز فعال کی جا چکی ہیں۔ مزید امدادی رقوم موبائل سمز کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی۔