ابوظبی (جیوڈیسک) ابوظبی ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 248 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ اس فتح کے ساتھ کپتان مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان بن گئے۔ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 566 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔احمد شہزاد 176 ،مصباح الحق 102 اوریونس خان 100 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اینڈرسن نے دو اور سائوتھی نے ایک وکٹ لی۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 262 رنز بناسکی، لیتھم نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ راحت علی نے 4اور ذوالفقار بابر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔یوں کیوی ٹیم کو فالوآن کا سامنا کرنا پڑا، لیکن کپتان مصباح الحق نے فالوآن کرانے کے بجائے دوسری اننگز شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بیٹسمینوں نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ پر فارمنس دی اورصرف دو وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ اس طرح نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 480 رنز کا مشکل ہدف ملا۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں محمد حفیظ نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی دوسری اننگزبھی مایوس کن رہی، ٹارگٹ کے حصول کیلئے کسی ایک بڑی انفرادی اننگز کی ضرورت تھی لیکن کوئی بھی کیوی بیٹسمین نصف سنچری تک اسکور نہ کرسکا اور یوں پوری ٹیم 231 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے ابوظبی ٹیسٹ 248 رنز سے جیت لیا۔
یاسر شاہ نے تین جبکہ راحت علی، عمران خان اور ذوالفقار بابر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ عمدہ بالنگ پرفارمنس پر راحت علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ راحت علی نے میچ میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے یہ 15 واں ٹیسٹ جیتا ہے، اس کے ساتھ ہی مصباح پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان بن گئے، عمران خان اور جاوید میانداد نے بحیثیت کپتان 14،14 ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 51 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں، پاکستان نے 24 جبکہ نیوزی لینڈ نے صرف سات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ت ین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا اگلا میچ 17 نومبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔