میلبورن (جیوڈیسک) محمد حفیظ سیریز جیتنے کے خواب دیکھنے لگے، قائم مقام کپتان کا کہنا ہے کہ کینگروز کا شکار کیلیے تمام ہتھیاروں سے لیس ہیں، بولرزکی کارکردگی شاندار رہی، حریف کو ایک بار دباؤ میں لینے کے بعد سر اٹھانے کا موقع نہیں دیا، فتح سے حاصل ہونے والے اعتماد کے بھروسے آگے بڑھنا ہوگا جب کہ اسٹیون اسمتھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عمدہ کم بیک نے لاجواب کر دیا ہے۔
میلبورن میں فتح نے پاکستان ٹیم کے حوصلے جوان کردیے، قائم مقام کپتان محمد حفیظ نے میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کینگروز کا شکار کیلیے ہمارے پاس ہر طرح کے ہتھیار موجود ہیں، اسی اعتماد کیساتھ آگے بڑھے تو سیریز جیت سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں چند غلطیاں ہوئیں اور جیت کا موقع ہاتھ سے نکل گیا، بولرز ابتدا میں کامیابیوں کے بعد دباؤ برقرار نہیں رکھ سکے تھے، میلبورن میں بولرز کی کارکردگی شاندار رہی، انھوں نے حریف کو ایک بار دباؤ میں لینے کے بعد سر اٹھانے کا موقع نہیں دیا۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ محمد عامر اورجنید خان نے اچھا آغاز کیا، عماد وسیم نے بہت اہم سپیل کیا، اسپنرز نے کنڈیشنزکا بھرپور فائدہ اٹھایا، یہاں 250 رنز بھی بن جاتے تو فتح مشکل ہوجاتی، ٹیم میٹنگ میں طے ہوا تھا کہ اس بار پہلے میچ کی غلطیوں سے گریزکی پوری کوشش کرینگے، ہرکھلاڑی نے ذمے داری کا احساس کیا۔
بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، بیٹسمین بھی ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے مشکل کنڈیشنز میں کریز پر قیام طویل کرنے میں کامیاب ہوئے، بطور ون ڈے کپتان اپنے امتحان میں پاس ہونے پر خوش ہوں، صرف فتح کو سامنے رکھتے ہوئے جارحانہ کرکٹ کھیلی،ناکامی کے خوف کا شکار نہیں ہوئے، یہی انداز اگلے میچز میں اپنائیں گے۔انھوں نے بھرپور سپورٹ کرنے والے پاکستانی تماشائیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
جب کہ دوسری جانب اسٹیون اسمتھ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عمدہ کم بیک نے لاجواب کردیا، میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پہلے میچ میں بھی بیٹنگ توقعات کے مطابق نہ تھی لیکن میتھیو ویڈ نے ٹیم کو سہارا دیدیا،اس بار کوئی بڑی شراکت قائم نہیں کر سکے۔
اسپنر کے متعارف کرائے جانے سے قبل ہی ٹاپ آرڈر کا صفایا ہوچکا ہو تو بعد ازاں قدرتی کھیل پیش کرنا اور بڑے اسٹروکس کھیلنا آسان نہیں رہتا، میزبان ٹیم کو کم ازکم 260 رنز بنانا چاہیں تھے، آئندہ میچز میں بہتر آغاز کرنے کی کوشش کرینگے۔