الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعہ کے روز فرانسیسی صدر عمانویل میکرون سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات بیونس آئرس میں ہونے والے جی 20 سمٹ کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماوں نے مختصر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک اعلان میں بتایا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعہ کے روز سمٹ میں شریک متعدد ملکوں کے سربراہوں سے دوستانہ ملاقاتیں کیں۔
جی 20 کی سائیڈ لائن پر شہزادہ محمد اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بھی ملاقات ہوئی۔
سعودی وزارت خارجہ نے ٹویٹر پر اعلان کیا تھا ولی عہد نے جنوبی وشمالی کوریا کے سربراہان اور مکسیکو کے صدر کے درمیان بھی بیونس آئرس میں مختصر ملاقاتیں ہوئیں۔
جی 20 سربراہی اجلاس کا آغاز جمعہ کے روز ہوا۔ یہ اہم اجلاس روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی، تجارت اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اہم ملکوں کے درمیان اختلافات کے جلو میں شروع ہوا ہے۔
جی 20 میں دنیا کے 19 امیر ملک نیز یورپی یونین شامل ہیں۔ ارجنٹینا، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، بھارت، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقا، جنوبی کوریا، ترکی، برطانیہ اور امریکا اس کے ارکان ہیں۔ سعودی شہزادہ محمد بن سلمان بدھ کے روز جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے ارجنٹائن پہنچے تھے۔