ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن فلم ’’ہماری ادھوری کہانی‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جب کہ عمران ہاشمی اس فلم کے ہیرو ہونگے‘ اس طرح اداکارہ ودیا بالن اور عمران ہاشمی کی جوڑی ایک بار پھر بالی ووڈ فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہو گی اور فلم ’’ہماری ادھوری کہانی‘‘ میں دونوں مرکزی کردار نبھائیں گے۔
فلم ’’ہماری ادھوری کہانی‘‘ دو پیار کرنے والوں کی زندگی پر مبنی ہے، فلم کی شوٹنگ اگلے ماہ شروع ہوگی، ودیابالن اور عمران ہاشمی کی یہ فلم آئندہ سال جون میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ اس حوالے سے ودیا بالن کا کہنا ہے کہ فلم میں ان کا کردار ان کی پہلی فلم ’’ پرینیتا ‘‘ کے کردار کی طرح اہم ہوگا۔ اس سے پہلے ودیا بالن اور عمران ہاشمی نے فلم ’’ گھن چکر ‘‘ میں بھی ساتھ کام کیا لیکن دونوں کی جوڑی باکس آفس پر کچھ خاص رنگ نہیں جماسکی۔
ممبئی میں مستحقین کے لیے ایک فنڈ ریزنگ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے 35 سالہ ودیا بالن نے کہا کہ ’’میں نے ہر کردار ادا کرنے کے لیے خصوصی لگن سے کام کیا ہے اور اب اس فلم ’’ہماری ادھوری کہانی ‘‘ کے لیے بھی کچھ ایسا ہی کرنے کی امید ہے اور ہم سب اس کے لیے خود کو تیار کر رہے ہیں۔ ’’سب کچھ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ ایک بھر پور لو اسٹوری ہے اور میں نے اس سے قبل اپنی پہلی فلم ’’پرینیتا‘‘ کے علاوہ ایسی لو اسٹوری فلم میں کام نہیں کیا ہے جس پر میں بات کر رہی تھی اور اس کے لیے ہم سب بھر پور محنت کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ودیا بالن ڈائریکٹر موہت سوری کے ساتھ کام کرنے سے متعلق بھی بہت خوش نظر آ رہی ہیں۔ ودیا نے بتایا کہ موہت سوری وہ ڈائریکٹر ہیں جن کے ساتھ کام کرکے میں نے ہمیشہ بے حد لطف اٹھایا ہے‘ اداکارہ نے بتایا کہ اس فلم کے لیے مہیش بھٹ اسکرپٹ لکھ رہے ہیں تو اس لحاظ سے سب کچھ بہت ہی خوبصورت انداز میں ہوگا۔
ودیا نے عمران ہاشمی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے عمران کے ساتھ کام کرنے میں ہمیشہ اچھا محسوس کیا ہے اور یہ ہم دونوں کی تیسری فلم ہوگی جس میں دونوں اکٹھے کام کر رہے ہیں۔ ودیا بالن نے اس سے قبل عمران ہاشمی کے ساتھ دو فلمیں ’’ڈرٹی پکچرز ‘‘ اور ’’ گھن چکر ‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ’’ہماری ادھوری کہانی‘‘ فلمساز مہیش بھٹ کی زندگی سے متعلق فلم ہوگی اور اسے آئندہ برس جون میں ریلیز کیا جانے کا امکان ہے۔