ممبئ (جیوڈیسک) ہدایتکار سوجے گھوش نے ودیا بالن کی جگہ کنگنا رناوت کو فلم ’’درگا رانی سنگھ‘‘ میں کاسٹ کر لیا۔ کنگنا رناوت جو غیر روایتی کرداروں میں اپنی عمدہ پرفارمنس دکھانے کے سلسلہ میں شہرت رکھتی ہیں اوراب تک اپنی ہی عمر سے تعلق رکھنے والے کرداروں پر پرفارم کرچکی ہیں جب کہ انھیں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کوئین‘‘ سے انڈسٹری میں ہدایتکاروں اور فلمسازوں کی مزید توجہ حاصل ہوگئی ہے کے لیے سوجے گھوش کی فلم ’’درگا رانی سنگھ‘‘ کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگی کیونکہ وہ اس میں 35 سالہ خاتون کے کردار پر اپنی پرفارمنس دکھائیں گی۔
جس کی ایک 14 سالہ بیٹی بھی ہے اور یہ پہلی فلم ہوگی جس میں کنگنا رناوت ایک سمجھدار خاتون کے کردار میں نظر آئیں گی۔ اطلاعات کے مطابق کنگنا رناوت جن کی اپنی عمر ابھی بہت کم ہے کو فلم میں 35 برس کا دکھانے کے لیے میک اپ کا سہارا لیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ میری عمر اس وقت 27 برس ہے اور یہ پہلی فلم ہے جس میں مجھے 35 سال کی ایک ایسی ماں نظر آنا ہے۔