ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے خود ایک بے باک اور خود غرض اداکارہ قرار دیدیا ہے اور کہا ہے کہ خواتین کے مرکزی کردار یا ان کے گرد گھومتی فلمیں کافی کامیاب جا رہی ہیں اور اسی وجہ سے بالی ووڈ میں صنفی امتیاز کافی حد تک ختم ہو گیا ہے۔
ودیابالن جو 2011ء میں فلم ’’ڈرٹی پکچرز‘‘ اور 2012ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کہانی‘‘ میں خواتین کی بنیاد پربنائی گئی فلموں میں مرکزی کردار اداکرچکی ہیں اور انھیں خواتین پر مبنی فلموں کے رحجان کی بانی کہا جاتاہے ،ان کا ایک انٹر ویو کے دوران کہنا تھا کہ میں خود کو ایک نیارحجان دینے والی کہنے پر لوگوں کی بہت مشکور ہوں کیونکہ میری پرفارمنس دیکھ کر انھیں خواتین کی بنیاد پر فلمسازی کی طرف آنا پڑا۔
مگر اس کے باوجود میرا یقین ہے کہ ایک وقتی پیداوار ہے۔ 2013ء میں ’’گھن چکر‘‘ اور گزشتہ برس ’’شادی کے سائیڈ ایفکٹ‘‘ اور ’’بوبی جاسوس‘‘ کی ناکامی کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ فتح یاناکامی سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ایک اداکارہ کی حیثیت سے یہ میرے بس سے باہر ہے۔
عالیہ بھٹ اور کنگنا رناوت کی کامیابی کے سوال پر ودیا نے کہا کہ اسٹارڈم اور کامیابی ایک چکر ہے میں بالی ووڈ میں ہوں اور یہی تسلیم کرنے کے لیے کافی ہے، میں بہت بے باک اور اچھے کرداروں کی بھوکی اداکارہ ہوں اگر کوئی بہتر کردار ملے تو بغیر کچھ سوچے سمجھے اس کے لیے ہاں کردیتی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ لوگ مجھ سے کیا چاہتے ہیں۔
بہت سے لوگوں نے مجھے ’’شادی کے سائیڈ ایفکٹس‘‘ میں کام نہ کرنے کا کہا مگر میں یہ کردار نبھانے کے لیے بہت جذباتی تھی اور میں اپنی دل کی بات مانتی ہوں اسی لیے میں نے فلم میں کام کیا۔ اس لیے مجھے اس فلم کی ناکامی کا کوئی افسوس نہیں ہے۔