ویتنام: خطرناک سمندری طوفان سے 6 افراد ہلاک

Hurricane

Hurricane

ہنوئی (جیوڈیسک) خطرناک سمندری طوفان ہیان نے ویتنام میں چھ افراد کو موت کی نیند سلا دیا تاہم جنوبی چین کے ساحلی علاقوں میں پہنچ کر طوفان کی شدت کم ہو گئی،فلپائن میں طوفان سے دربدر ہونے والے لاکھوں افراد امداد کے منتظر ہیں۔

فلپائن میں قیامت برپا کرنے والا سمندری طوفان ہیان ویتنام سے بھی ٹکرا گیاجس کے بعد ساحلی علاقوں میں ایک سو بیس کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چلنے لگیں، شمالی ویتنام میں طوفان کے ٹکرانے کے باعث شدید بارش ہوئی۔ خطرے کے پیش نظر آٹھ لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

ویتنام کے بعد ہیان کا رخ جنوبی چین کی طرف تھا،جہاں پہنچ کر اسکی شدت میں کمی ہوئی لیکن تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔صوبہ ہینان میں سمندری طوفان کی زد میں آنے والے بحری جہاز کے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا، ادھر فلپائن میں سمندری طوفان میں گھر بار کھونے والے متاثرین امداد کے منتظر ہیں۔

حکام کے مطابق بہت سے علاقوں میں پینے کے پانی، بجلی اور خوراک کی کمی ہےجبکہ امدادی کارکنوں کو تباہی کا شکار علاقوں تک پہنچنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔