ویت نام (جیوڈیسک) ویت نام کے دار الحکومت ہینوئی کے رہائشی علاقے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹرگر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں ادارہ رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں ایک عینی شاہد اور حکومتی ذرائع کا حوالے دیتے ہوئے اس حادثے میں دس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ہیلی کاپٹر کو حادثہ اُس وقت پیش آیا جب وہ پیر کی صبح معمول کی مشق کے دوران شہر کے مغرب میں تیس کلومیٹر کے فاصلے پر ایک رہائشی علاقے میں پرواز کررہا تھا۔
مقامی حکام واقعے کی تفتیش کر کے اس واقعے میں ہونے والے نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ ہینوئی کے ٹھاچ ٹھٹ ڈسٹرکٹ میں پیپلز کمیٹی آف ٹھاچ ہوا کمیون کے ایک افسر کیو وین کنھ کے مطابق ہیلی کاپٹر کے حادثے میں دس سے زائد فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
تام حادثے میں شہریوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کے حوالے سے حکام نے ابھی تک تفصیلات فراہم نہیں کیں ہیں۔ رائٹرز کے مطابق پانچ ٹرکوں کے ذریعے ہیلی کاپٹر کے ملبے کو ہٹایا جا رہا ہے۔فوجی دستوں اور پولیس نے ملٹری ایئرپورٹ کے قریب جائے حادثہ کو سیل کردیا ہے۔
ایک مقامی رہائشی نے رائٹرز کو بتایا کہ اس نے جائے حادثہ کے قریب بارہ لاشیں دیکھی ہیں۔ ویت نام کے فوجی ہیلی کاپٹرز زیادہ تر سوویت دور سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مذکورہ ہیلی کاپٹر کا ماڈل کون سا تھا۔