اسلام آباد (جیوڈیسک) ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات مہم میں عمران خان نے تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کی جو کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جس پر عمران خان اور تحریک انصاف کے بلدیاتی امیدواروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عمران خان سمیت تمام رہنماوں کو خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کیئے جائیں گے۔ دفعہ 144 اور ایمپلی فائرایکٹ کے تحت درخواست دائر کی جائے گی۔ ادھر الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف کا جلسہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کو صرف کارنرمیٹنگز کرنے کی اجازت ہے اور کارنر میٹنگز کے لیے بھی انتظامیہ سے پیشگی اطلاع ضروری ہے۔
جلسہ سے قبل عمران خان نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اسٹنٹ کمشنر کا مران چیمہ کے پی کے ہاؤس پہنچے اور عمران خان کو جلسہ نہ کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔
عمران خان انتظامیہ کی بات مان گئے تھے مگر پارٹی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کو کہا گیا کہ لوگوں کی بڑی تعداد ترامڑی چوک میں جمع ہے اور ان کے خطاب کی منتظر ہے جس پر عمران خان جلسہ کرنے پر ڈٹ گئے اور انتظامیہ کی بات ماننے سے انکار کرتے ہوئے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ترامڑی چوک پہنچ گئے اور جلسے سے خطاب کیا۔
عمران خان نے جلسے کے بعد اسلام آباد میں ریلی کی قیادت کی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی اسلام آباد کے سیکٹر آئی 8 پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئی۔