لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ظفر اقبال جھگڑا، سردار محسن عباسی، رانا محمودالحسن اور ممبر قومی اسمبلی شاہجہان منگریو نے کہا ہے کہ چار ہزار لوگ بیس کروڑ عوام کی قسمت کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ تشدد سے تبدیلی نہیں بدحالی اور بربادی آتی ہے۔
ریاست کو چند ہزار شر پسند عناصر کے مقابلے میں سرنڈر کرنے کا مشورہ احمقانہ اور ناعاقبت اندیشانہ ہے۔ دھرنا پارٹیوں کی دھونس کے باوجود وزیراعظم میاں نواز شریف کا استعفیٰ دینے سے دوٹوک انکار قومی حمیت کا آئینہ دار اور جمہوری قوتوں کیلئے سرمایہ افتخار ہے۔
اگر چند ہزار افراد کے دباؤ پر منتخب وزیراعظم کے استعفیٰ کی مثال قائم ہو گئی تو پھر پاکستان میں کوئی وزیراعظم چھ ماہ بھی نہیں نکالے گا اور کوئی نہ کوئی جماعت دو چار ہزار عوام کو کسی بھی چوک میں لے آئے گی اور وزیراعظم کو جانا پڑے گا۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیئے ضرورت پڑنے پر وہی وزیراعظم کے مینڈیٹ کاپہرہ دیں گے۔