کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے اور منصوبے کے تحت نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، پاکستانی حکمران بھارت سے محبت اور دوستی کے لئے کشمیری شہدا کے خون سے غداری کر رہے ہیں۔ پاکستان ایک اسلامی معاشرہ ہے اور یہاں کے مسلمان کسی بھی قیمت پر فحاشی و عریانی کو برداشت نہیں کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد گلشن عثمان سیکٹر 11-A نارتھ کراچی میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، تشدد کے ذریعے مطلوم کشمیریوں کو جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی نے نئی کروٹ لی ہے، بے پناہ ظلم کے باوجود بھی مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی جھنڈے لہرائے جا رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے کو قبول نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے اسپتالوں کو بھی ٹارچر سیل بنا رکھا ہے، زخمیوں کو ایمبولینسوں سے اتار کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیر میں مساجد کو جلانے ، قرآن پاک کو نذر آتش کرنے اور خواتین کی اجتماعی آبروریزی جیسے واقعات سمیت انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر نام نہاد عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کی خاموشی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے قتل عام پر ان عالمی طاقتوں کی خاموشی مسلم دشمنی کا کھلا ثبوت ہے، عالمی برادری نے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرانے میں اپنا فرض پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کے لئے گزشتہ70سال سے قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت کشمیر سے نکلنے والے دریائوں پر بند باندھ کر ان کا رخ موڑ رہا ہے اور پاکستان کو بنجر بنانے اور پاکستانی زراعت کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے لیکن پاکستانی حکمران بھارت سے دوستی اور تجارتی کے لئے مارے جا رہے ہیں۔
حکمرانوں کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں یا بھارت کے ساتھ۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ ہر شخص یہ بات جانتا ہے کہ بے حیائی انسانی معاشرے کو اس طرح چاٹ جاتی ہے جس طرح گھن لکڑی کو، انہوں نے کہا کہ آج بڑے پیمانے پر الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے فحاشی اور عریانی کو فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان ایک اسلامی معاشرہ ہے اور یہاں کے مسلمان کسی بھی قیمت پر فحاشی و عریانی کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے اوریہ نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے مگرملک میں مغربی و ہندوانہ تہذیب وثقافت کوفروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے،’ ملک پہلے ہی ان گنت بحرانوں کا شکار ہے ایسے میں فحاشی و عریانی اور بے حیائی کوفروغ دے کر اللہ کے غضب کودعوت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور پھیلائی جانیوالی فحاشی کا نوٹس لے اور الیکٹرنک، پرنٹ میڈیا اور ایڈوٹائزنگ ایجنسیوں کو ضابطہ اخلاق کا پابند کرے۔
سید انوار احمد سیکریٹر ی اطلاعات جماعت اسلامی، وسطی 0345-2385320