لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹلی آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کے جلسے پر حملے میں کارکن کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ ہمارے کارکنوں پر اتنا ہی ظلم کرے جتنا وہ کل برداشت کر سکے، اس قسم کی سیاست کے اثرات سے آپ بھی بچ نہیں سکیں گے۔
آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں پیپلزپارٹی کے جلسے پر حملے کے حوالے سے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز لیگ کے غنڈوں نے پر امن کارکنوں پر حملہ کرکے اپنی آمرانہ سوچ کو ظاہر کیا۔ یہ سانحہ نواز لیگی وزراء کی جانب سے جلسوں میں استعمال کی گئی اشتعال انگیز زبان کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اس قسم کی سیاست کے اثرات سے خود بھی بچ نہیں سکیں گے، نوازلیگ ہمارے کارکنوں پر اتنا ظلم کرے جتنا وہ کل برداشت کر سکے، نواز لیگی غنڈوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کارکن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔