وی آئی پی کلچر کے خلاف احتجاج کی سزا؛ پرواز میں تاخیر کی وڈیو بنانے والا نوکری سے ہی فارغ

Arjumand Hussain

Arjumand Hussain

کراچی (جیوڈیسک) ہمارے ملک میں جمہوریت اور عوام پر بات تو بہت کی جاتی ہے لیکن عوام کے نام پر راج کرنے والے اتنے بااثر ہیں کہ ان کی بادشاہت کے خلاف آواز اٹھانے والے کو ہی لینے کے دینے پڑ جاتے ہیں ، یہی ہوا ہے۔

ارجمند اظہر کے ساتھ جنہوں نے گزشتہ دنوں رحمان ملک اور مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی وجہ سے پرواز میں تاخیر کے باعث طیارے میں پیش آنے والے واقعے کی وڈیو بنائی تھی اور اب اس جرم میں انہیں نوکری سے ہی نکال دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ارجمند اظہر ماضی میں نیوز اینکر رہ چکے ہیں اور اداکاری کے میدان میں بھی طبع آزمائی کرچکے ہیں لیکن گھر کا دال دلیہ چلانے کے لئے وہ ایک نجی کوریئر کمپنی میں نوکری کرتے تھے، چند روز قبل وہ اسی پرواز کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد جارہے تھے۔

جس کے ذریعے رحمان ملک اور مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی رمیش کمار کو سفر کرنا تھا، وی آئی وی کلچر کے مارے اس ملک میں پرواز اس وقت تک نہ چلی جب تک وہ دونوں اس میں سوار نہ ہوئے۔ ڈھائی گھنٹے کی تاخیر پر مسافروں کو پتہ چلا کہ انہیں اتنا عذاب عوام اور جمہوریت کی خدمت کے دعویدار دو ارکان پارلیمنٹ کی وجہ سے سہنا پڑا تو وہ ہتھے۔

سے اکھڑ گئے اور پھر رمیش کمار اور رحمان ملک کو پرواز ہی چھوڑنا پڑگئی۔ اس سارے واقعے کی وڈیو ارجمند اظہر نے بنائی، جو میڈیا پر نشر بھی ہوگئی۔ نشر ہونے کے بعد رحمان ملک اور رمیش کمار کو وضاحتیں دینا پڑ گئیں تھی۔

معاملہ ٹھنڈا ہوا تو ارجمند افتخار کو ان کی کمپنی نے کوئی وجہ بتائے بغیر ہی گھر بھیج دیاگیا۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام میں عام آدمی کی کوئی اوقات نہیں لیکن انہیں امید ہے کہ اب قوم خاموش نہیں رہے گی۔ جو کام انہوں نے اکیلے کیا وہ اب کروڑوں لوگ مل کر کریں گے، اس سلسلے میں نوجوانوں کو نظام بدلنے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی رمیش کمار اپنی غلطی ماننے کے بجائے ارجمند اظہر پر ہی چڑھ دوڑے، ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن ارجمند اظہر نے غلط طریقہ کار استعمال کیا۔

وہ مانتے ہیں کہ 15منٹ لیٹ پہنچے لیکن ان کے بھی 11 منٹ بعد رحمان ملک پہنچے تھے۔ ارجمند اظہر نے جو زبان استعمال کی وہ صحیح نہیں تھی، اگر انہیں وی آئی کلچر پر احتجاج کرنا تھا تو مسافر اپنی نشستوں پر بیٹھ کر احتجاج کرسکتے تھے۔

انہوں نے 3 دیگر افراد کے ساتھ مل کر پوری پرواز کو ہی یرغمال بناڈالا، رمیش کمار نے اپنی غلطی نظر انداز کرتے ہوئے یہ بھی کہہ دیا کہ ارجمند اظہر نے وڈیو بنا کر ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے۔