وی آئی پی کلچر کو ٹھیس پہنچنے پر وی آئی پیز ناراض

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کا اجلاس چیئرمین اسد رحمان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو طیارے سے اتارنے کے واقعہ کا از خود نوٹس لیا۔

اسد رحمان نے استفسار کیا کہ بورڈنگ پاس جاری ہونے کے بعد رمیش کمار کو جہاز سے کیوں اتارا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی بھی بے عزتی کی گئی۔ کمیٹی کے رکن ایاز سومرو نے کہا کہ واقعہ میں ایک یونین کے عہدیدار ملوث ہیں جن کو جانتے ہیں۔ شیخ آفتاب نے کہا کہ جو بھی ہوا اچھا نہیں ہوا۔

پی آئی اے کو سخت نوٹس لینا چاہیے۔ چیئرمین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ جن لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیا ان کی شناخت ہو گئی ہے۔ لاء ڈیپارٹمنٹ سے قانونی رائے لینے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔