لاہور (جیوڈیسک) ٹی 10 لیگ میں شامل ٹیم پنجابی لیجنڈز کی کٹ کی تقریب رونمائی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دنیا کے بہترین باؤلر حسن علی کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی ایک اچھے بیٹسمین ہیں، ان سے ایک ہی بار سامنا ہوا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جلدی آؤٹ ہو گئے تھے، ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ دنیا کے ٹاپ بلے بازوں کو باؤلنگ کرے۔
اس سے قبل ویرات کوہلی بھی پاکستانی باؤلر کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں، بھارتی کپتان محمد عامر کے بھی مداح ہیں۔ شائیقن کو اس بات کا انتظار ہے کہ دنیا کے بہترین باؤلر کے دنیا کے سب بہترین بیٹسمین سے ٹاکرے میں کون کامیاب ہو گا؟
دوسری جانب کرکٹ کے نئے فارمیٹ ٹی 10 کیلئے ٹیم پنجابی لیجنڈز نے لاہور میں کِٹ کی رونمائی کر دی، تقریب میں کپتان شعیب ملک نے گفتگو کی، انہوں نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کو سالگرہ مبارک کہہ کر کہا کہ پریکٹس سے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خامیاں دور کی جا سکتی ہیں۔ تقریب رونمائی سے کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ کے رنگ پاکستان اور خاص طور پر زندہ دلان کے شہر میں بھی نظر آنے لگے ہیں جبکہ ایونٹ چودہ سے سترہ دسمبر یو اے ای میں شیڈول ہے۔