نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی نے اپنے ہی ملک کے سابق کرکٹرز کے خلاف شکایات کا رجسٹر کھول دیا۔
کوہلی کہتے ہیں کہ مجھے اس وقت شدید صدمہ پہنچتا ہے جب وہ لوگ ہم پر اعتراض کرتے ہیں جو کہ خود کرکٹ کھیل چکے ہیں، میں سب کے بارے میں ایسی بات نہیں کررہا، کچھ کھلاڑیوں کو سمجھتے ہیں لیکن کچھ لوگوں کا کام ہی منفی باتیں کرنا ہوتا ہے جوکہ ایک بھارتی کرکٹر ہونے کی وجہ سے کافی برا لگتا ہے، جب آپ ان کے منہ سے اس طرح کی باتیں سنتے ہیں تو پھر ان کا احترام بھی آپ کی نظر میں کم ہونے لگتا ہے۔
بھارتی ٹیم کے قائد کا کہنا تھا کہ اگر وہ کسی میں کوئی خامی محسوس کرتے ہیں تو بہتریہی ہے کہ وہ اس سے انفرادی حیثیت میں مل کر مشورہ دیں۔ ویرات کوہلی ویسے بھی جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں 3-0 کی کامیابی کے باوجود توقع کے مطابق ستائش نہ ہونے پر مایوسی کا شکار ہیں۔