دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ویرات کوہلی کی حکمرانی کیلیے بابراعظم بڑا خطرہ بن گئے، پاکستانی کپتان جنوبی افریقہ میں عمدہ کارکردگی سے نمبرون بیٹسمین کا اعزاز اپنے نام کرسکتے ہیں، بھارتی قائد سے 20 ریٹنگ پوائنٹس کا فاصلہ باقی رہ گیا، ٹوئنٹی 20 میں بابر اعظم کی تیسری پوزیشن محفوظ ہے۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم کا ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پر موجود ویرات کوہلی سے فاصلہ مزید کم ہوگیا،انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں ناکام رہنے کی وجہ سے بھارتی قائد کو 11 ریٹنگ پوائنٹس کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے دوسرے ون ڈے میں 66 رنز بنائے تھے، تیسرے میچ میں وہ صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے نمبر پر موجود بابر کے اس وقت ریٹنگ پوائنٹس 837 اور وہ کوہلی سے صرف 20 پوائنٹس کی دوری پر ہیں۔ تیسرے نمبر پر موجود ایک اور بھارتی بیٹسمین روہت شرما نے بھی انگلینڈ سے سیریز میں ایک ففٹی تک نہ بنانے کی وجہ سے 11 پوائنٹس کھو دیے، ان کے پوائنٹس کی تعداد اب 825 ہوگئی ہے۔ بابر اعظم کے پاس ویرات کوہلی کو ٹاپ پوزیشن سے بیدخل کرنے کا نادر موقع موجود ہے، وہ جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں جمعے سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی سے ون ڈے کرکٹ میں نمبر ون بیٹسمین بن سکتے ہیں۔
کوہلی 22 اکتوبر 2017 سے ون ڈے بیٹسمین رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر فائز ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف نیوزی لینڈ کی دوسرے ٹی 20 میں فتح کے بعد مختصر فارمیٹ کی رینکنگ میں ہونے والے ردوبدل کے باوجود بابر اعظم کی تیسری پوزیشن محفوظ ہے، اسی سیریز میں عمدہ بولنگ کی وجہ سے ٹم ساؤدی 2 درجے ترقی پاکر ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، ساتھی بولر مچل سینٹنر کو 3 درجے تنزلی نے دسویں درجے پر پہنچا دیا، نمبر ون ٹی 20 بولر کا اعزاز جنوبی افریقی اسپنر تبریز شمسی کے پاس ہے۔