ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے اںڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کے سب سے بدتمیز کھلاڑی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق نصیر الدین شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر کپتان ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ”ویرات کوہلی نا صرف دنیا کے سب سے بہترین بلے باز ہیں بلکہ سب سے بدتمیز کھلاڑی بھی ہیں۔ کرکٹ کی ان کی قابلیت ان کے غرور اور برے رویہ کے سامنے پھیکی پڑ جاتی ہے اور میرا ملک چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
اداکار نصیر الدین شاہ نے اپنی پوسٹ کے ذریعہ ویرات کوہلی کے اس بیان پر ردعمل دیا جس میں انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پسند کرنے والے مداحوں کو ملک چھوڑ کر چلے جانے کیلئے کہا تھا۔ کوہلی نے ایک پروموشنل پروگرام کے دوران ایک مداح کے تبصرے پر یہ بیان دیا تھا۔
اس پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کی کافی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے، کچھ لوگوں نے اس پوسٹ کی حمایت جبکہ کچھ نے اس پر اعتراض کیا ہے۔ کچھ صارفین یوزرس نے ویرات کوہلی کو بدتمیز کہنے پر نصیر الدین شاہ کو آرے ہاتھوں لیا جبکہ کچھ نے کوہلی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کو شکست سینے کیلئے اس طرح کے جارحانہ رویہ کی ضرورت ہے۔ ان میں سے متعدد صارفین ایسے بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ کوہلی کئی مرتبہ حد پار کر چکے ہیں۔