کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان و افغان فورسز کی فلیگ میٹنگ میں 30 اپریل سے ہر افغان شہری کے پاکستان میں داخلے کیلئے ویزہ لازمی قراردیئے جانے کو مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر وبزرگ رہنما امیر سولنگی اور سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ ایڈوکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی و دیگرنے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی اور اس میں را کے ملوث ہونے کے شواہد کے ساتھ یہ بات بھی منظر عام پر آچکی ہے کہ افغانستان اور ایران کے راستے ہی دہشتگرد اور بھارتی جاسوس پاکستان میں داخل ہوکرامن برباد کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں اور اکثر اوقات افغان پناہ گزینوں کے بھیس میں بارڈر پا رکرتے ہیں۔
اس لئے اس پس منظر میں پاکستان و افغانستان کے درمیان آمدو رفت کیلئے ویزے کی شرط سے نہ صرف دہشتگردوں کی نقل و حمل میں کمی ہوگی اور سرحد پار آنے جانے والوں کا ریکارڈ مرتب کرنے میں بھی آسانی ہوگی جس سے دونوں ممالک میں امن کے قیام کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی لہٰذا دونوں ممالک کی فورسز اس فیصلہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔