ویزا فراڈ کیس: امریکی عدالت نے بھارتی خاتون سفارتکار پر ایک بار پھر فرد جرم عائد کر دی

Diwani

Diwani

نیویارک (جیوڈیسک) امریکی عدالت نے ویزا فراڈ کیس میں نیویارک میں تعینات بھارتی سفارت کار دیوانی کھوبراگا ڑے پر ایک بار پھر فرد جرم عائد کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی عدالت نے نیویارک میں واقع قونصل خانے میں تعینات بھارتی سفارت کار پر ویزر فراڈ کیس میں ان کی غیر موجودگی میں ایک بار پھر فرد جرم عائد کر دی ہے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دیویا نی کھوبرا گاڑے نے امریکی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک گھریلو ملازمہ کو نوکری پر رکھا، دیویانی اس سے ہفتے میں 100 گھنٹے تک کام لیتی تھی اور اس کی تنخواہ صرف ایک ڈالر فی گھنٹہ کے قریب رکھی گئی تھی جو امریکی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل نیو یارک کی ہی ایک عدالت نے دیویانی کھوبرا گاڑے کو سفارتی استثنی ہونے کے باعث پرویزا فراڈ کیس میں بری کردیا تھا۔ دیویانی کو دسمبر 2013 کو نیویارک سے گرفتار کر کے ان کی برہنہ تلاشی لی گئی تھی جس پر بھارت اور امریکا کے سفارتی تعلقات میں تناؤ بڑھ گیا تھا۔