دورہ انگلینڈ: انڈین ٹیم میں گمبھیر کی واپسی

Gambhir

Gambhir

ممبئی (جیوڈیسک) بورڈ آف کنٹرول بورڈ فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 18 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا جس میں حیرت انگیز طور پر گوتم گمبھیر کی واپسی ہوئی ہے۔ بدھ کو اعلان کردہ ٹیم میں تجربہ کار اوپنر کو آئی پی ایل اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے۔

گوتم گمبھیر نے آخری بار دسمبر 2012ء میں ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور ناقص کارکردگی کی بناء پر انہیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا اور انہوں نے گزشتہ سال ایک ٹیسٹ میں بھی ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔

تاہم فٹنس مسائل سے دو چار ظہیر خان سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے اور ان کی جگہ راجستھان رائلز کے نوجوان فاسٹ باؤلر پنکج سنگھ کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

مہندرا سنگھ دھونی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اعلان کردہ ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں میں شیکھر دھاون، گوتم گھمبیر، چتیشور پجارا، ویرات کوہلی، اجنکیا راہانے، روہت شرما، رویندرا جدیجا، روی چندرہ ایشون، بھونیشور کمار، محمد شامی، ایشور پانڈے، اشانت شرما، اسٹورٹ بنی، وارن ارُن، وریدمن ساہا اور پنکج سنگھ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم رواں برس جولائی میں شیڈول دورہ انگلینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔