لاہور (جیوڈیسک) دورئہ سری لنکا کیلیے قومی اسکواڈز کا اعلان منگل کو متوقع ہے، سینئر بیٹسمین یونس خان کی ون ڈے کرکٹ میں واپسی کا خواب پورا ہوتا نظر نہیں آتا، کیریبیئن لیگ کیلیے روانہ ہونے والے محمد حفیظ ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر معین خان اپنے دیگر ساتھیوں، ہیڈکوچ وقار یونس، ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح کیساتھ مشاورت کے بعد کھلاڑیوں کی فہرست ترتیب دے کر لاہور سے کراچی روانہ ہو گئے، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے منظوری ملنے پرکھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان منگل کو متوقع ہے، ذرائع کے مطابق احمد شہزاد، خرم منظور اور شان مسعود کی موجودگی میں سلیکٹرز حفیظ کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت ضروری نہیں سمجھتے، ٹوئنٹی 20 کی قیادت سے دستبردار آل رائونڈر 11 جولائی سے شروع ہونیوالی کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کیلیے ویسٹ انڈیز روانہ ہو چکے ہیں۔
باہمی مشاورت کے بعد تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو بھی ون ڈے سیریز میں موقع نہ دینے کا فیصلہ کیا جاچکا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین بورڈ کرینگے، اسد شفیق کی بھی ون ڈے اسکواڈ میں جگہ بنتی نظر نہیں آتی، فٹنس مسائل سے دوچار پیسرز محمد عرفان اور عمر گل کو ٹیسٹ میچز کیلیے زیر غور نہیں لایا جارہا، طویل قامت فاسٹ بولر کو فی الحال ون ڈے کرکٹ کھلانے کا رسک لینے کا حتمی فیصلہ کرنے سے قبل ایک بار پھر فٹنس رپورٹ کا بغور جائزہ لیا جائیگا۔