دورہ پاکستان کیلئے اوباما تک پیغام پہنچائوں گا، امریکی رکن کانگریس

American Congressman

American Congressman

ہیوسٹن (جیوڈیسک) امریکی کانگریس کے رکن الیگزینڈر الگرین کا کہنا ہے کہ ان کو اس بات کا قطعی اندازہ نہیں تھا کہ ان کی زندگی میں کوئی سیاہ فام امریکا کا صدر بن جائے گا

اس لئے اب یہ بھی ممکن نظر آتا ہے کہ آئندہ آپ کی پاکستانی امریکن کمیونٹی میں سے کوئی بھی شخص مستقبل میں رکن کانگریس یا رکن سینیٹ بن جائے اور یہاں تک کہ وہ وائٹ ہاؤس تک بھی پہنچ جائے، یہ بات انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ ان کے اعزاز میں فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا انتظام پاکستانی کمیونٹی ہیوسٹن کی جانب سے کیا گیا تھا جس کے روح رواں طاہر جاوید‘ آرگنائزنگ کمیٹی کے سعید شیخ‘ نومی حسن‘ ڈاکٹر یعقوب شیخ‘ ایم جے خان‘ ڈاکٹر آصف قدیر‘ مصطفی تمیز اور جاوید مانوی تھے۔ اس موقع پر کانگریس مین نے پاکستانی کمیونٹی کے رہنماء طاہر جاوید کی تقریر کے جواب میں‘ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے ملک پاکستان کا صدر اوباما اپنے صدارتی منصب کے دوران دورہ کریں‘ اس پر کانگریس مین الگرین نے کہاکہ میں آپ کا یہ پیغام صدر اوباما تک ضرور پہنچاؤں گا

کہ وہ اپنی مدت صدارت کے دوران پاکستان کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے دیکھا ہو گا کہ اسٹیٹ یونین کے اجلاس میں جس میں صدر اوباما نے تقرری کی‘ میں سب سے اچھی نشست پر بیٹھا جس کے لئے میں مذکورہ اجلاس سے دس بارہ گھنٹے قبل ہی وہاں پہنچا تاکہ میں اپنی پسند کی نشست پر بیٹھ سکوں انہوں نے کہاکہ ان اجلاس میں شریک رہا۔ انہوں نے کہاکہ ان کے پاس ایسے متعدد قلم موجود ہیں جو کہ امریکا کے مختلف صدور نے دستخط کرنے کے لئے استعمال کئے جو کہ میں نے جمع کئے ہیں اور آج اپنی اس کلیکشن میں سے میں دو قلم آپ کے لئے بھی لایا ہوں اس لئے کہ آپ نے مجھے بھی عزت بخشی ہے اور میں صدر اوباما کے زیر استعمال دو قلم آپ کے دو کمیونٹی رہنماؤں کو دے رہا ہوں

جن میں ایم جے خان اور سعید شیخ شامل ہیں جبکہ جو اور لوگ یہاں موجود ہیں ان کو بھی اس طرح کے قلم میں مزید دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ میں معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے مزید بزنس کی ضرورت ہے جس کے لئے امریکہ کو اس ضمن میں ویزوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طالب علم پاکستان سے امریکہ آئیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ پاکستانی امریکنز کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہیوسٹن سٹی کونسل میں پہلے پاکستانی امریکی ایم جے خان سٹی کونسل کے رکن بنے اور 6 سال تک انہوں نے خدمت کی۔ اس موقع پر سابق سٹی کونسل کے رکن ایم جے خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ امریکہ میں اسلام فوبیا کی باتوں سے پریشان نہیں ہیں انہوں نے کہاکہ اسلام کا تعلق اللہ سے ہے اور وہی اپنے دین کی حفاظت بھی کرے گا انہوں نے کہاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ دنیا بھر کے ممالک میں رہنے اور زندگی گزارنے کے لئے ایک بہترین ملک ہے تاہم اب بھی کرمنل جسٹس کے نظام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے

اور کئی چیزیں اب بھی متعصبانہ ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اراکین بھی رنگ و نسل کی بنیادوں پر امتیاز کرتے ہیں اور میری نظر میں یہ لوگ قانون کے مجرم ہیں اس لئے ضرورت اس اَمر کی ہے کہ اس سلسلے میں مزید کام کیا جائے۔ قبل ازیں اس موقع پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کے رہنماء نومی حسن نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ ڈاکٹر یعقوب شیخ نے کانگریس مین کا تعارف کرایا۔ ہارون شیخ نے اس موقع پر بتایا کہ کمیونٹی کی جانب سے کانگریس مین الگرین کے لئے 20 ہزار ڈالرز کے فنڈ جمع کئے گئے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں کانگریس مین الگرین نے امریکی صدر کے زیراستعمال دو قلم کمیونٹی رہنماؤں سعید شیخ اور ایم جے خان کو دئیے۔

اس موقع پر سعید شیخ نے کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ فنڈ ریزنگ کی تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف اور نمایاں شخصیات کے علاوہ مقامی بزنس لیڈروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پرتکلف عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستانی نژاد امریکی آئل ٹائیکون سید جاوید انور کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس فنڈ ریزنگ کی تقریب میں بھرپور تعاون کیا۔