اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ این اے 122 میں 93 ہزار ووٹ غیرتصدیق شدہ ہیں جعلی نہیں، دھاندلی کا فیصلہ نہ تو نادرا نے اور نہ ہی میڈیا نے کرنا ہے، ٹریبونلز کا کام ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی زبان بندی کریں۔
پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی بہت سی چیزوں سے آگاہ ہیں اور بھارتی مداخلت کے ثبوت بہت جلد سامنے لائے جائیں گے، ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ مل چکی، اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
ایگزٹ کنٹرول لسٹ، اسلحہ لائسنس کا اجرا، بلٹ پروف گاڑیاں اور سیکیورٹی کمپنیوں کے حوالے سے نئی پالیسی مرتب کر رہے ہیں اس حوالے سے صوبوں سمیت عوام سے بھی آرا مانگی ہیں۔