ووٹ ایک مقدس امانت ہے, اسے امین ہاتھوں کے سپرد کیا جائے۔ علامہ اصغر عسکری
Posted on April 15, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد
مجلس وحدت مسلمین کے حلقہ NA-48 اسلام آباد سے نامزد امیدوار علامہ اصغر عسکری نے الیکشن مہم میں I-10 اسلام آباد : میں ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ عناصر کو ووٹ دینا ان کے جرائم میں برابر کا شریک ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک مقدس امانت ہے اور ضروری ہے کہ اس امانت کو امین ہاتھوں کے سپرد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اب بیدار ہو چکی ہے اور کرپٹ عناصر کو ہر گز ووٹ نہیں دے گی۔
علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ اب جھوٹے اور کھوکھلے نعروں سے عوام کو بے وقوف بنانے کا وقت گزر چکا ہے۔ علاوہ ازیں علامہ اصغر عسکری نے آئی ٹین میں عمائدین و شخصیات سے دو مختلف گارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک فریضے کی ادائیگی کے لیے میدان میں اترے ہیں۔
سچ اور اصولوں کی سیاست کا فروغ چاہتے ہیں اور دھوکہ، فراڈ اور مفادات کی سیاست کو شرعاً حرام سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 11 مئی کا سورج قوم کے لیے نوید لے کر طلوع ہو گا۔
انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم بہت ساری خوبیوں کے مالک تھے اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔