لاہور: ووٹ کا صحیح استعمال ہی اہل قیادت فراہم کر سکتا ہے۔ عام انتخابات ہوں یابلدیاتی عوام اپنا حق رائے دہی میرٹ پر استعمال کریں۔ کسی لالچ اور دبائو میں آکر نااہل لوگوں کو قیادت دینا اپنے آپ کے ساتھ ظلم اور مسائل کی جڑ ہے۔
تمام ریاستی ادارے عوام سے وصول کیئے جانے والے ٹیکسوں سے چلائے جاتے ہیںاور تمام سرکاری افسران و اہلکار بھی عوام کے ٹیکسوںسے تنخواہیں لیتے ہیں۔عوام کی خدمت کرناان کا فرض ہے،جوسرکاری محکمے اور ان کے افسران اپنے فرائض سے غفلت برتیں عوام ان کا محاسبہ کرے۔اس کے ساتھ ساتھ عوام اپنے فرائض کو بھی یاد رکھیں۔
ان خیالات کا اظہارکالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بلدیاتی ادارے عوامی مسائل حل کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ایسے نمائندے منتخب کریں جو عوامی مسائل کا ادراک اور ان کے حل کے لئے اہلیت اور اخلاص رکھتے ہوں۔ایم اے تبسم نے کہاکہ عوامی نمائندوں کی لوگوں کے مسائل میں عدم دلچسپی کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ووٹ دیتے وقت نا اہل لوگوں کی حمایت کی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں تعلیم، صحت، سڑکوں وغیرہ کے مسائل درپیش رہتے ہیں۔
ان مسائل کا واحد حل یہ ہے کہ ہم عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات کے دوران صرف اور صرف میرٹ کو پیش نظر رکھیں اور آپس میں اتحادو اتفاق برقرار رکھ کر و سیع تر مفادات کا تحفظ کریں۔اسی میں ہی انفرادی مفادات بھی پورے ہو سکتے ہیں۔