لاہور (جیوڈیسک) الیکشن ٹریبونل کے احکام پر لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے122 کے ووٹوں کی تصدیق کے لئے جاری عمل کے دوران تحریک انصاف کی طرف سے 24 ہزار سے زائد ووٹوں کے جعلی ہونے کے تمام دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف جن 24 ہزار ووٹوں کے جعلی ہونے کا دعویٰ کررہی ہے وہ جعلی نہیں ان پر پریذائیڈنگ آفیسر کے یا تو دستخط یا پھر مہر نہیں ہے۔ دلچسپ امریہ ہے کہ ان ووٹوں میں سے 50 فیصد سے زائد ان پولنگ اسٹیشنوں پرکاسٹ ہوئے ہیں جہاں سے تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان ووٹوں کی وجہ سے اس حلقے کے نتیجہ پر کسی طرح کاکوئی اثر نہیں پڑسکتا کیونکہ ان تمام ووٹوں پر ووٹرکے انگوٹھے کا نشان اور شناختی کارڈ نمبر موجود ہے، ذرائع کے مطابق 234 پولنگ اسٹیشنوں کے کاسٹ شدہ ووٹوں کے تصدیقی عمل کے دوران سردار ایازصادق کے 735 ووٹ مسترد ہوئے جس کے بعد ان کے ووٹ 78 ہزار 407 سے کم ہو کر 77 ہزار 672 رہ گئے جب کہ عمران خان کے ووٹ سردار ایاز صادق کی نسبت زیادہ 849 مسترد ہوئے اور ان کے ووٹ پہلے سے حاصل شدہ 68 ہزار 825 سے کم ہو کر 67 ہزار 976 رہ گئے۔
ذرائع کے مطابق 234 پولنگ سٹیشنوں کے تصدیقی عمل کے مکمل ہونے کے بعد سردار ایاز صادق کے 114 ووٹ بڑھے ہیں ان کی مجموعی برتری 9696 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ 11مئی 2013ء کو ہونے والے عام انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق نے اس حلقہ سے 78 ہزار 377 جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 68 ہزار 765 ووٹ حاصل کیے، سردار ایاز صادق نے اس حلقہ سے9612 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔