ووٹ کی رازداری برقرار رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: سیکرٹری الیکشن کمیشن

Election

Election

اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا کہنا ہے کہ کچھ جگہوں سے شکایات آ رہی تھیں کہ ووٹر پرچی جیب میں ڈال کر باہر لے آتے ہیں، ووٹ کی رازداری برقرار رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ الیکشن کیلئے بنائے گئے پولنگ بوتھ کا دورہ کیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ جگہوں سے شکایات آرہی تھیں کہ ووٹر پرچی جیب میں ڈال کر باہر لے آتے ہیں۔

ووٹ کے تقدس کو بحال رکھنے کے لئے ریٹرننگ آفیسرز کو سخت ہدایات کی ہیں، آج کے الیکشن کو بڑے غور سے دیکھ رہے ہیں ، الیکشن کمیشن کے ممبران پولنگ اسٹیشنز کادورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کچھ دیر بعد پشاور کا دورہ کریں گے۔

دریں اثناء سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پارلیمنٹ ہاؤس اور دونوں پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔