لاہور (جیوڈیسک) کئی حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے درخواستوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مرحلہ جاری ہے جب کہ این اے 73 سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف اپنی جیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
این اے 73 سیالکوٹ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرلیا گیا جس کے بعد خواجہ آصف کے مجموعی ووٹوں میں 45 اور عثمان ڈار کے ووٹوں میں 132 ووٹوں کا اضافہ ہوا۔
خواجہ آصف نے ایک لاکھ 16 ہزار 957 ووٹ حاصل کیے تھے جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 2 ہوچکے ہیں جب کہ تحریک انصاف کے عثمان ڈار نے ایک لاکھ 15 ہزار 464 ووٹ حاصل کیے تھے تاہم دوبارہ گنتی کے بعد ان کے مجموعی ووٹوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 15 ہزار 596 ہو گئی۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جس کے بعد خواجہ آصف نے اپنی جیت برقرار رکھی ہے۔