اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے ووٹ پر ڈالے گئے ڈاکے کو آسانی سے ہضم نہیں ہونے دیں گے اور اسمبلیوں کے اندر اور باہر آواز اٹھاتے رہیں گے۔
لاہور کے حلقے این اے 124 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ عوام کے مسائل کا حل تلاش کرنا کسی کنٹینر کا تماشہ نہیں، اگر بلدیاتی اداروں کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو اسمبلیوں میں ان کا گھیراؤ کریں گے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نئی حکومت شروع ہوتے ہی شہروں میں 6 اور دیہات میں 14 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہونے لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور کھاد کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے، تحریک انصاف نے دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ سے اقتدار حاصل کیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جعلی مینڈیٹ لے کر آنے والے عوام کی خدمت کرنا نہیں جانتے، یہ احتساب کی بات کرتے ہیں لیکن جسے پنجاب کا اسپیکر بنایا گیا اس کے ہاتھ پنجاب بینک ڈاکے میں رنگے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بھاشا ڈیم کے نام پر 100 ارب مختص کیے۔