کراچی (جیوڈیسک) حکومت نے چیئرمین نادرا طارق ملک کو عہدے سے ہٹا کر بریگیڈئیر ریٹائرڈ زاہد کو قائم مقام چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔
طارق ملک کی برطرفی کا فیصلہ رات گئے کیا گیا،نادرا کی طرف سے این اے 256 اور این اے 258 میں ستر فیصد ووٹوں کو ناقابل شناخت قرار دینے کے بعد آنے والا سیاسی بھونچال ان کی برطرفی کی وجہ بنا۔این اے حلقہ 256 سے ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی اور این اے 258 مسلم لیگ ن کے حکیم بلوچ کامیاب ہوئے تھے۔
تحریک انصاف کے زبیر خان نے نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن ٹریبونل سے ووٹوں کی تصدیق کی درخواست کی تھی۔نادرا نے بیلٹ پیپرز پر انگوٹھوں کی تصدیق کے بعد موقف اختیار کیا کہ ان حلقوں میں مقناطیسی سیاہی استعمال نہیں ہوئی۔
ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے تقریبا 400 درخواستیں الیکشن ٹریبونل میں زیر سماعت ہیں۔چیئرمین نادرا طارق ملک نے الیکشن کمیشن کو آج ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے بریفنگ دینا تھی۔
دوسری جانب دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طارق ملک نے کہا کہ وہ اپنے اصولی موقف پر اب بھی قائم ہیں۔
چیئرمین نادرا طارق ملک کی بر طرفی کے بعد بریگیڈئیر ریٹائر زاہد کو قائم قام چیئرمین نادرا تعینات کر دیا گیا ہے۔