وڈھ (نمائندہ خصوصی) وڈھ ، سٹی فیڈر پر لائن مینوں کی من مانیاں ۔کسی آفیسرکی اجازت کے بغیر غیر قانونی کنکشن لگاکرپیسہ بٹوررہے ہیں۔ عوامی حلقوں کا انکشاف۔ عوامی حلقوں نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ لائن مین کسی کمپیوٹر کمپوزر سے جعلی بل بنواکر لوگوں سے بلوں کی مد میں پیسہ وصول کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سے وڈھ میں سٹی فیڈر پر بار بار ٹرپنگ سے تنگ لوگوں نے اصل حقائق سے پردہ اٹھاکر لائن مینوں کے خلاف انکشافات کرڈالے ۔ عوامی حلقوں کے مطابق سٹی فیڈر پر ڈیوٹی پر معمور لائن مین غیر قانونی کنکشن لگانے میں ملوث ہیں اور وہ واپڈا کے کسی آفیسر کی اجازت کے بغیر پیسہ لیکر ناجائز لائن لگا دیتے ہیں اور اس کی مد میں پیسہ لیتے ہیں۔ اور پہلے سے لگائے گئے کنکشنز کی بھی خود ساختہ بل وصول کرتے ہیں۔
ایک شخص نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ لائن مین ایک کمپیوٹر کمپوزر سے ایک اصلی بل اسکین کرواکرگرافکس ایڈیٹنگ کے ذریعے اس سے مزید لوگوں کے ناموں کے بلز بنواکر ماہانہ کئی ہزار روپے بٹوررہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے کمشنر قلات، ڈپٹی کمشنر خضدار اور واپڈاکے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہیں۔