گوجرانوالہ (جی پی آئی) مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ واہگہ بارڈر پر خودکش حملے میں انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے معصوموں کی جان سے کھیلنے والوں کے لئے معافی کی کوئی گنجائش نہیں، گھر کے بھیدی ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں،دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ انہیں پناہ دینے والوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچا نا ضروری ہے آپریشن ضرب عضب کی مخالفت اور طالبان کی حمایت کرنیوالے عمران خان بتائیں کہ جاں بحق ہونے والے معصوم پاکستانیوں کا جرم کیا تھا۔
اقتدار کے لئے لوٹ پوٹ ہونے والے نام نہاد لیڈر خیبر پختونخواہ میںدہشت گردی اور آئی ڈی پیز کی بحالی سمیت دیگر مسائل کے حل میں سنجیدگی دکھائیں اور وفاقی حکومت کو بھی ملک کے اصل مسائل کی جانب پوری توجہ مرکوز کرنے دیں ،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر مسلم لیگ ن گکھڑ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مدت سے مسلح انتہا پسندی کاسامنا ہے اور افواج پاکستان دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں مصروف ہیں جو سیاسی قائدین دن رات کرسی کے چکر میں پڑے ہوئے ہیں انہیں چاہئے کہ اب بہت احتجاج ہو چکا وہ سنجیدہ ہو جائیں اورخیبر پختونخواہ کو مثالی صوبہ بنا کر دکھائیں
پاکستان میں اب احتجاج اور دھرنے کا نہیں بلکہ کام کرنے کا وقت لیکن افسوس کہ عمران خان کو اقتدار کے سوا کسی بات کی فکر نہیں انکی جانب سے ہر ایشو پر سیاسی دوکانداری چمکانے کی کوشش ذہنی بیماری کی علامت ہے قوم نے عام انتخابات میں انکی قلابازیوں کی سیاست کو مسترد کر دیا تھا ، عوام کو کل بھی میاں نواز شریف پر اعتماد تھا اور آج بھی وہ نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں، اس موقع پر سعید بٹ ، حافظ اکرام، سیٹھ طارق، ایاز اوٹھی، یاسر چیمہ، سیف چاہم، عامر ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔