لاہور (جیوڈیسک) واہگہ کے راستے ہونے بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیا کے لیے 30 جون کو کسٹم کلیئرنس کے لیے ’’ون کسٹم‘‘ کا نظام کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یکم جولائی2015 سے بھارت سے ہونے والی سو فیصد امپورٹ کی ’’وی بوک‘‘ سسٹم کے تحت کسٹم کلیئرنس کی جائے گی جبکہ 20 جون تک واہگہ پر پاکستان سے بھارت بھیجی جانے والی اشیا کی کسٹم کلیئرنس کے لیے بھی ’’وی بوک‘‘ نظام فعال کردیا جائے گا تاہم فی الوقت ایکسپورٹ کے لیے ’’ون کسٹم‘‘ بھی چلتا رہے گا جسے بتدریج چند ماہ میں ختم کردیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کسٹم حکام نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو واہگہ کے مقام پر بھی فعال کرلیا ہے اور اسے امپورٹ، ایکسپورٹ اور امیگریشن کے مقامات پر چیکنگ کی سہولتیں فراہم کردی ہیں۔
کلکٹر کسٹمز(پریوینٹیو) لاہور مکرم جاہ نے ’’ایکسپریس‘‘ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ قومی معیشت کی ترقی اور کسٹم ڈیوٹی کے نظام کو شفاف اور سہل بنانے کے لیے ’’وی بوک‘‘ نظام کو متعارف کروایا گیا ہے اور کاروباری طبقے نے بھی اسے بے حد سراہا ہے ہم نے چند ماہ قبل واہگہ پر امپورٹ کے لیے ’’وی بوک‘‘ متعارف کروایا تھا اور اب یکم جولائی سے امپورٹ کے لیے ون کسٹم کا نظام مکمل بند کر کے وی بوک استعمال کیا جائے گا جبکہ آئندہ چند روز میں ایکسپورٹ کے لیے بھی وی بوک کو ون کسٹم کے ساتھ فعال کردیا جائے گا۔
علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ ایف بی آر کے سینئر ترین حکام ریونیو اہداف کو مقررہ مدت سے قبل سو فیصد مکمل کرنے پر کسٹمز پریوینٹیو لاہور سے بہت خوش ہیں۔ کلکٹر کسٹمز مکرم جاہ کی سربراہی میں کسٹم ٹیم نے پورے مالی سال کے لیے مقرر کردہ ہدف 25 ارب کے مقابلے مئی میں ہی 27 ارب روپے وصول کر لیے تھے جبکہ 30 جون تک محکمہ اپنے ہدف سے 4 ارب روپے کے لگ بھگ زائد وصولی کر سکتا ہے۔