کراچی (جیوڈیسک) انجرڈ فاسٹ بولر وہاب ریاض جلد سے جلد ٹیم کو جوائن کرنے کیلیے بے چین ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹیم مشکل میں ہے مجھ سے باہر نہیں بیٹھا جارہا، سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز بھی کھیلنا چاہتا ہوں۔
وہاب ریاض نے ان خیالات کا اظہار ’ایکسپریس ٹریبیون‘ سے بات چیت میں کیا۔ 30 سالہ فاسٹ بولر کا دوسرے ٹیسٹ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے دشونتھا چمارا کی گیند سے ہاتھ فریکچر ہوگیا تھا، انھیں اس وجہ سے وطن واپس لوٹنا پڑا۔ وہاب کا کہنا ہے کہ میں جلد سے جلد ٹیم کو جوائن کرنا چاہتا ہوں، پاکستانی ٹیم اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے کیونکہ چیمپئنز ٹرافی میں جگہ خطرے میں پڑچکی، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اس اہم موقع پر میں انجرڈ ہوکر ٹیم سے باہر ہوگیا۔
میں باقاعدگی سے ٹریننگ کرکے خود کو فٹ رکھے ہوئے ہوں، اگر سلیکٹرز اور میڈیکل پینل نے اجازت دی تو میں ون ڈے سیریز کے دوران بھی ٹیم کو جوائن کرسکتا ہوں۔
چیف سلیکٹر ہارون رشید بھی وہاب کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کرچکے لیکن انھوں نے واضح کیاکہ فاسٹ بولر کو سری لنکا بھیجنے کے فیصلے کا انحصار اسکین رپورٹ پر ہے۔
وہاب ریاض کو امید ہے کہ ان کی غیرموجودگی میں ساتھی بولرز سری لنکن ٹیم کیخلاف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھیں گے، انھوں نے کہا کہ میں اپنے پیس اٹیک کو لیڈ کرکے کافی خوشی محسوس کررہا ہوں،اس سے جو ذمہ داری کندھوں پر پڑے وہ مجھے بہترین پرفارم کرنے پر اکساتی ہے۔