برسبن (جیوڈیسک) برسبن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پول بی کے اہم میچ میں پاکستان نے زمبابوے کی ٹیم کو 20 رنز سے شکست دیدی۔
میچ کے آخری اوور میں زمبابوے کو جیت کیلئے 24 رنز درکار تھے جبکہ اس کی دو وکٹیں باقی تھیں۔ فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے اپنی بیٹنگ کی طرح بائولنگ کا بھی شاندار مظاہرہ کیا اور زمبابوے کے کھلاڑیوں کو جیت کا کوئی موقع نہیں دیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے اور ویاب ریاض نے 4، 4 جبکہ راحت علی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے ایس سی ویلمز 33، ماساکادا 29، سی آر ارون 14 اور چیگمبرا نے 35 رنز بنائے جبکہ بی آر ایم ٹیلر 50 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ نمایاں رہے۔ زمبابوے کی ٹیم نے جیت کیلئے خوب مقابلہ کیا تاہم پے درپے اس کے کھلاڑی آئوٹ ہوتے رہے جس سے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوگئی۔
زمبابوے کی پوری ٹیم 215 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی. پاکستان نے زمبابوے کو جیت کیلئے 236 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا. اس سے قبل پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ماضی کی طرح اس بار بھی سود مند ثابت نہ ہوا۔ پاکستان کی ٹاپ بیٹنگ لائن اس میچ میں بھی بُری طرح ناکام رہی۔ ناصر جمشید 1 اور احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔
حارث سہیل نے اپنی بیٹنگ سے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا تاہم وہ بھی 27 رنز بنا کر چلتے بنے۔ کپتان مصباح الحق نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔ عمر اکمل نے کپتان کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کا سکور بڑھایا تاہم وہ بھی 33 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ ویلمز نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ ان کے بعد آنے والے کھلاڑی شاہد آفریدی نے اس دفعہ بھی شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور بغیر کوئی رنز بنائے ویلمز کی اگلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور بڑھایا۔
میچ کے آخری اوورز میں مصباح الحق ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں بائونڈری کے پاس کیچ آئوٹ ہوگئے۔ کپتان نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ وہاب ریاض نے 54 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے ٹی ایل چتارا نے 3، ایس سی ولیمز نے 2 جبکہ موپاریوا اور سکندر رضا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ویاب ریاض اپنی شاندار کارکردگی کے باعث مین آف دی میچ قرار پائے۔