واپڈا کا بھاشا ڈیم کی تعمیر 6 ماہ میں شروع کرنے کا عندیہ

Wapda

Wapda

لاہور (جیوڈیسک) واپڈا نے بھاشا ڈیم کی تعمیر کا کام چھ ماہ میں شروع کرنے کا عندیہ دیدیا۔ وزارت پانی و بجلی نے منصوبے کے لئے نو ارب ڈالر کے مالی وسائل کے بندوبست کا دعوی بھی کیا ہے۔ لاہور بھاشا ڈیم دس سال پہلے بنتا تو اس کی لاگت چھ ارب ڈالر ہوتی لیکن پینتالیس سو میگاواٹ بجلی اور اسی لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کا حامل یہ ڈیم اب چودہ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مانگ رہا ہے۔

وزارت پانی و بجلی کے حکام نے دنیا نیوز کو بتایا ہے کہ نو ارب ڈالر کے مالی وسائل کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ چار ارب ڈالر ایشیائی ترقیاتی بینک، دو ارب ڈالر امریکہ، ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر غازی بروتھا بجلی گھر کی ضمانت اور ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر فرینڈز آف ڈیمو کریٹک پاکستان سے لینے کی بات چیت مکمل کر لی گئی ہے۔

واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیم، پاور ہاس اور سرنگوں کی تعمیر کے لئے بین الاقومی کمپنیوں سے تجاویز اگلے دس دن میں مکمل ہو جائیں گی۔ اس کے بعد چھ ماہ میں تعمیر کا کام شروع ہوسکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے لئے اگلے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں تیس ارب روپے کا تقاضہ کیا گیا تھا لیکن پچیس ارب روپے دینے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔