واپڈا کی کمپنیوں کے ذریعے اووربلنگ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسی ہے۔ احمد فراز خان

FARAZ LODHI

FARAZ LODHI

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ٹیکسوں کی بھرمار کے بعد واپڈا کی کمپنیوں کے ذریعے اووربلنگ حکمرانوں کی عوام د شمن پالیسی ہے۔ کروڑوں پاکستانی حکمران جماعت کے اصلی چہرے کو پہچان گئے ہیں۔ موجودہ دورحکومت (ن) لیگ کا آخری دور حکومت ہے۔ دھاندلی کے بارے میں نمونے کے طور پر پیش کئے چار میں سے تین حلقوں کے نتائج نے عوام کے سامنے اقتدار کی بنیادوں کا پول کھول دیا ہے۔ دھاندلی کی بنیاد پر بننے والی حکومتیں عوام میں کبھی مقبول نہیں ہوا کرتیں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ون فیملی گورنمنٹ ایک جانب عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا رہی ہے دوسری جانب بجلی ، گیس کے بلوں کی پہلے ہی زیادتی ہونے کے باوجود ان کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور اووربلنگ کے ذریعے عوام کا بھرکس نکالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیپکو میں ہی لاکھوں صارفین کو اضافی یونٹیں ڈالکر بل بھجوایا گیا ہے کسی ایک صارف کو ایک یونٹ کے فرق سے ہی سلیب وائز ٹیرف کی مد میں ہزاروں کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

عوام حکمرانوں کی اس زیادتی پر جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں مگر حکمران ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لیتے ۔ احمد فراز لودھی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اووربلنگ اور ناجائز ڈی ٹیکشن جیسے امور قومی اداروں کو ناکام قرار دلوا کر انہیں بیچ کھانے کی حکمرانہ پالیسیاں ہیں ۔ قومی اداروں کو پر ائیویٹ کروا کے ان پر اپنے بندے بٹھانے کیلئے حکمران اداروں کے افسران سے مجبوراََ غلط کام کروارہے ہیں اور غلط پالیسیاں بنا رہے ہیں بجلی کے غلط ٹیرف اور مہنگی بجلی کے بعد اووربلنگ اسی کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے کہا حکمران چاہیں تو کوئی افسر کسی صارف کو ایک یونٹ ڈالنے کی جرات بھی نہیں کر سکتا ۔عوام کو پریشان کرنے کیساتھ ساتھ محکموں کے افسران اور ملازمین کو بھی پریشان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی سے حکومت کو زیادہ دیر نہیں چلایا جاسکتا اﷲ تعالیٰ ظالموں کو پسند نہیں کرتا۔ احمد فراز لودھی ایڈووکیٹ نے کہا کہ چار نشان زدہ انتخابی حلقوں میں سے آنے والے تین کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجہ میں (ن) لیگ نے حکومت بنائی اور عوامی رائے کو چرایا گیا۔