مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) واپڈ ملازمین کی ملی بھگت سے بجلی چوری کا دھندہ عروج پر، ٹائوٹ مافیا واپڈ ا ملازمین سے بوگس میٹر لیکر صارف کو دے دیا جاتا ہے، ہر ماہ ریڈنگ کرنے کیلئے جانے والے میٹر ریڈروں نے آنکھیں بند کر لی، چند میٹر سابقہ دور میں دفتر سے چوری ہو گئے تھے۔
واپڈا ملازمین چوری شدہ میٹروں کی FIRدینے سے قاصر، تفصیلات کے مطابق سب ڈویژن مصطفی آباد میں ٹائوٹ مافیا واپڈا ملازمین کی ملی بھگت سے ہزاروں روپے لیکر صارف کو جعلی میٹر لگا دیا جاتا ہے ، جس کا دفتر میں ریکارڈ نہیں ہوتا، واپڈا ملازمین اور ٹائوٹ ہزاروں روپے ہڑپ کر جاتے ہیں جبکہ صارف کو مفت بجلی کی استعمال کرنے کی سہولت سے مستفید ہوتا ہے۔
بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری کرنے والے صارفین نے ٹائوٹوں کو میٹر لگوانے کیلئے رقم دے رکھی ہے، ٹائوٹ واپڈا ملازمین کی ملی بھگت سے اصل میٹر لگانے کی بجائے بوگس میٹر لگا دیتے ہیں اور فی میٹر دس سے بیس ہزار روپے وصول کرکے خود ہڑپ کر جاتے ہیں۔
پریس کلب مصطفی آباد للیانی(رجسٹرڈ) کی ٹیم نے مصطفی آباد کے نواحی دیہات میں لگائے گئے بوگس میٹروں کی تصاویر حاصل کرکے ایس ڈی او واپڈا سے ان میٹروں کی بابت تفصیلات سے آگاہی چاہی تو بتایا گیا کہ میٹر واپڈا کے دفتر سے چوری ہو چکے ہیں جن کی FIRتھانہ مصطفی آباد میں درج ہے جبکہ FIRکا نمبر بتانے سے قاصر رہے، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ واپڈا ملازمین کی ملی بھگت کے بغیر بجلی چوری ممکن نہیں۔
حکومت بجلی چوروں کو وعدہ معاف گواہ بنا کر بجلی چوری میں ملوث ملازمین کے خلاف کاروائی اور بجلی چوروں کو ایک بار معاف کر دے تو بجلی چوری ہمیشہ کیلئے رک جائے گی، جبکہ بجلی چوری میں ملوث ملازمین کو نوکری سے نکال دیا جائے تو دیگر ملازمین بجلی چوری کروانے کی بجائے ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے، وہ نہ تو بجلی چوری کروائیں گے اور نہ ہی کرنے دیں گے۔