واپڈا نے آل پاکستان کشمیر کپ وومینز باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

Kashmir Cup Women Basket Ball Tournament

Kashmir Cup Women Basket Ball Tournament

کراچی : بینظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس KPT پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھیلا جانے والا کشمیر کپ آل پاکستان وومینز باسکٹ بال ٹورنامنٹ واپڈا نے لاہور ڈویژن کو 13-12 سے شکست دے کر جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی لاہور کی میرو خان کو قرار دیا گیا۔

قبل ازیں تیسری پوزیشن کا میچ آرمی نے واپڈا بلیوز کو 16-10 سے شکست دے کر جیت لیا۔ فائنل کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر بریگیڈیر رشید ملک نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ جو 3×3 کی بنیاد پر کھیلا گیا یہ پہلا تجربہ تھا اور اس ایونٹ کو اولمپک اور اپریل میں ہونے والے اسلامک گیمز میں شامل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10لڑکیوں کا کیمپ اگلے ماہ لاہور میں لگے گا جس میں سے چار لڑکیاں اور ایک کوچ جو کھلاڑی بھی ہوگی اس کو شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ اور اسکے علاوہ مکمل باسکٹ بال کے وومینز ٹورنامنٹ وقفے وقفے سے پاکستان کے ہر شہر میں کرائے جاتے رہیں گے۔

انہوں نے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن اور انکے صدر غلام محمد خان کو ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ۔ تقریب سے PBF کے سیکریٹری خالد بشیر ، KPT کے مینجر اسپورٹس کرنل سید بصیر عالم ، SBAکے سیکریٹری عبد الناصر ، غلام محمد خان اور سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض نیشنل بینک کے PROاسپورٹس عظمت اللہ خان نے انجام دیئے۔

اس موقع پر واپڈا کی ٹیم کو 20,000 روپے اور ٹرافی، لاہور کی ٹیم کو 15000 روپے اور ٹرافی جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیموں کو 10,000 اور ،5,000 روپے اور وومین آف دی ٹورنامنٹ میرو خان کو 5000 روپے اور امپائرنگ ایسوسی ایشن کو 15000 روپے کا نقد انعامت دیا گیا۔

تقریب میں امجد علی خان ، سعد ضیائ، محمد یعقوب ، معبود جعفری، محفوظ الحق ، عائشہ ارم ، پرویز احمد شیخ ، آمنہ مختار، ضائمہ طارق ، یعقوب قادری، ظفر اقبال، طارق حسین، اور دیگر نے شرکت کی۔