رائیونڈ (جیوڈیسک) مختلف شہروں میں واپڈا یونینرنے محکمہ کی نجکاری کیخلاف ہڑتال اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹر ک ورکر یونین (سی بی اے ) شیخوپورہ نے واپڈا نجکاری کیخلاف تالہ بندی کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کیخلاف واپڈا کمپلیکس سے خادم حسین روڈ چوک تک ریلی نکالی جس کی قیادت سرکل چیئرمین چودھری یونس کمبوہ، رورل چیئرمین سید واجد بخاری اور دیگر نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین حکومت کو کسی صورت بھی محکمہ واپڈا کی نجکاری نہیں کرنے دیں گئے۔
اگر حکومت نے اپنے فیصلہ کو واپس نہ لیا تو ملازمین مرکزی قیادت کے حکم سے بجلی کی سپلائی بند کردیں گئے۔ جبکہ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے ڈویژنل چیئرمین ملک محمد لطیف کی قیادت میں واپڈا نجکاری اور لوڈشیڈنگ کے خلاف سب ڈویژن سٹی نارنگ اور دیہی کے واپڈاکے تمام دفاتر دوسرے روز بھی بند رہے۔ واپڈا ملازمین نے حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مقررین میاں اظہر اقبال اور میاں افضال امتیاز احمدبٹ ودیگر نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی مفادمیں نجکاری رکوائیں۔ بجلی کی نجکاری سے یہ مزید مہنگی ہو جائیگی۔
خانقاہ ڈوگراں یونین کا کہنا ہے کہ واپڈا کی نجکاری ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔ حکمرانوں کی طرف سے یہ محکمہ من پسند افراد کو اونے پونے داموں فروخت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ علاوہ ازیں رائیونڈ میں پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین نے واپڈاکی نجکاری کے خلاف دفاتر کی تالہ بندی کر کے حکومت کیخلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے مقررین نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ حکمران واپڈا ملازمین کا استحصال کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔