سبی (محمد طاہر عباس) پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیر اہتمام واپڈا کی نجکاری کے خلاف کیسکو سب ڈویژن آفس کے سبزہ زار پر احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا احتجاجی جلسہ میں واپڈا ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے عہدیداران سرکل چیئرمین محمد افضل کھوسہ، ڈویژنل چیئرمین بشیر احمد چانڈیو، وائس چیئرمین عیسی خان سیلاچی نے کہا کہ واپڈا ہمارا گھر ہے ہم اسے برباد نہیں ہونے دینگے ہم اگر دھرنے پر آ گئے تو حکومت چلانا مشکل ہو جائیگا حکومت محکمہ کی توڑ پھوڑ چھوڑ دے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ انتخابات سے پہلے بڑے سبز باغ دکھاتے ہیں مگر جونہی وہ حکومت میں آتے ہیں تو تمام وعدے اور دعوے بھو ل جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ادارہ بیچنے سے کبھی بھی فعال نہیں ہو گا نجکاری کی سوچ کو ذہن سے نکال کر اگر کوئی خرابی ہے تو اس خرابی کو دور کیا جائے انہوں نے کہا کہ ایسے افسروں کی تعیناتی سے گریز کیا جائے جن کا کھانا بھی بڑے بڑے ہوٹلوں سے آتا ہے ایسے افسروں کو ادارے سے کیا ہمدردی ہو گی۔
انہوں نے واپڈا اہلکاروں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں اور محنت اور دلجوئی سے ادارے کو مستحکم کرنے کے علاوہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کیلئے کوشاں رہیں مقررین نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ چلانے والے یہ مزدور ہی ہیں نجکاری کرنی ہے تو ان کو دے دو خوب منافع کما کردیں گے عہدیداروں کا مزید کہنا تھا کہ کمپنیوں کو ختم کرکے پیپکو کو بحال کیا جائے یہ کمپنیاں نقصان دے رہی ہیں احتجاجی جلسے کے بعد شرکاء جلسہ نے ریلی نکالی اور نجکاری کے خلاف نعرے بازی کی۔