کراچی (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان اور پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے تقرری کو درست مگر طریقہ کار کو غلط قرار دیا ہے۔
جاوید میانداد نے کہا کہ بورڈ کی جانب نے وقار یونس کو ہیڈ کوچ مقرر کرنا درست مگر جو طریقہ کار اختیار کیا گیا وہ درست نہیں، انھوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کو 4 ماہ کے لیے پی سی بی کی چیئرمین شپ ملی، وہ 2 برس کے لیے کوچ کی نامزدگی کیسے کر سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ کوچ کے عہدے کے لیے اخبارات میں اشتہارات دیے گئے تھے، بعد ازاں اپلائی کرنے والے امیدواروں کو نہ تو شارٹ لسٹ کیا گیا اور نہ ہی کسی امیدوار کو انٹرویو کے لیے طلب کیا گیا، بلکہ تقرری کے لیے درست راستہ اپنانے کی بجائے غلط طریقہ سے ہیڈ کو چ کی تقرری عمل میں لائی گئی، انھوں نے کہا کہ ایسا کرنے پر نجم سیٹھی اور کوچ کمیٹی کو عدالت میں کھڑا کرنا چاہیے۔
دوسری جانب شعیب اختر نے کہاکہ وقار یونس چیف کوچ بن کرآ گئے ہیں ہم انھیں مکمل سپورٹ کریں گے، میری چیئرمین پی سی بی سے بھی درخواست ہے کہ مصباح الحق، معین خان یا وقار یونس جو بھی ہوں، انھیں کم از کم دو سال کا موقع ضرور دیا جانا چاہیے، شعیب اختر نے کہا کہ آج کرکٹ سے زیادہ کرکٹ بورڈ کو بہترکرنے کی ضرورت ہے، سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وقار دنیائے کرکٹ کے عظیم بولر رہے ہیں، ہم کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کو مل سکتا ہے، انھیں ماضی کی غلطیاں دہرانے سے بچنا ہوگا۔
سابق کپتان نے واضح کیا کہ جب وہ ارباب اختیارکو خوش کریں گے تو غلطیاں بھی ہوں گی، انھوں نے کہا کہ وقار جیسے بڑے کھلاڑی کو بورڈ کے بڑوں کو خوش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، انھیں صرف وہ کرنا چاہیے جس سے ملکی کرکٹ کی بہتری ہو۔محمد یوسف نے کہا کہ موجودہ چیئرمین کو کرکٹ بورڈ کا پتہ ہی نہیں ہے۔
اس لیے وہ اپنے عہدے کے اہل ہی نہیں ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ جب ٹیم ہارتی ہے تو ملبہ کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز پر ڈال دیا جاتا ہے لیکن ان کی تعیناتیاں کرنے والے بورڈ کے بڑوں کو کوئی نہیں پوچھتا۔ میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو پکڑنے کی بجائے چیئرمین پی سی بی کا احتساب کریں، سابق بیٹسمین نے کہاکہ گراؤنڈ میں کوچ نہیں کپتان ٹیم کو لڑاتا ہے، میری رائے میں شاہد آفریدی کپتانی کے لیے اچھا انتخاب ہو سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ماضی کی طرح میں ایک بار پھر کہتا ہوں کہ آفریدی اچھے بیٹسمین نہیں لیکن ان کی بولنگ میں جان ہے۔