ڈھاکہ (جیوڈیسک) پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس اب بنگالی بولرز کی اسپیڈ بڑھائیں گے۔ وقار یونس اور مرلی دھرن بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے بولنگ جبکہ سارو گنگولی بیٹنگ کوچ بن گئے۔
فاسٹ بولنگ لیجنڈ وقار یونس اور سری لنکا کے اسپن کنگ متھیا مرلی دھرن کو بنگلا دیش کرکٹ کے بولنگ کنسلٹنٹ کے عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
بنگلا کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب وقار یونس کے ساتھ تین سال تک کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے جس میں انہیں سیزن کے 60 لاکھ روپے ملیں گے۔
بنگلا کرکٹ ایسوسی ایشن کے کوچنگ پروگرام میں وقار یونس اور مرلی دھرن 15 مارچ سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کو بھی بنگال کرکٹ کا چیف بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر وقار یونس، مرلی دھرن اور سارو گنگولی کو مختلف کلبز کے 200 لڑکوں کے ساتھ کام کرنا ہو گا جس کا مقصد بنگال کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہو گا۔