وقار یونس 23 جون کو قومی کرکٹ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے

Waqar Younis

Waqar Younis

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی باضابطہ ذمہ داریاں سنبھالنے نئے ہیڈ کوچ وقار یونس 23 جون کو لاہور پہنچیں گے، ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف ہونے والی سیریز سے قبل وقار یونس لاہور میں پی سی بی کے حکام سے ملاقات کرنے کے علاوہ پاکستان ٹیم کا مختصر کیمپ بھی لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں، پاکستانی ٹیم دو اگست کو سری لنکا کے دورے پر روانہ ہو گی۔

وقار کا کہنا ہے کہ مضبوط ٹیم کی تشکیل ان کی اولین ترجیح ہے۔ نئی دہلی میں وقار یونس آئی پی ایل کے دوران ایک بھارتی ٹی وی کے لئے ماہرانہ رائے دیتے رہے، دو جون کو وہ اپنے اہل خانہ سے ملنے آسٹریلیا کے شہر سڈنی چلے گئے تاہم وقار یونس کا پاکستانی ٹیم کے منیجر معین خان کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے۔ وقار یونس نے پی سی بی کے ساتھ دو سالہ معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں البتہ وہ لاہور آکر پاکستانی حکام، ٹیم انتظامیہ سے ملیں گے اور پاکستان ٹیم کے شیڈول کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی پلاننگ کریں گے۔

وقار یونس قومی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کرنا چاہتے ہیں۔اس پلاننگ میں یہ بات بھی طے کی جائے گی کہ کون سا کھلاڑی کس فارمیٹ میں فٹ ہے۔ یہ حکمت عملی ورلڈ کپ کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کی جائے گی تاہم سابق کپتان اس بار مکمل اختیارات کے ساتھ ٹیم کے ہیڈ کوچ بنے ہیں اور سلیکشن میں بھی ان کی مشاورت کو اہمیت دی جائے گی۔